اسلام آباد: اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شہباز گل کے مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی نظرثانی درخواست منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کو 48 گھنٹوں کے لیے پولیس کے حولاے کردیا۔
ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے پولیس کی نظرثانی درخواست پر فیصلہ سنایا۔ عدالتی فیصلے کے بعد پی ٹی آئی رہنما شہباز گل دوبارہ دو روز کے لیے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ مطمئن ہیں شہباز گل سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی اس لیے کیس کی تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید 48 گھنٹوں کے لیے شہباز گل کو پولیس کے حوالے کیا جائے۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا کہ تفتیشی افسر حراست میں لینے کے بعد شہباز گل کا فوری طبی معائنہ کرائے اور طبی معائنہ کی رپورٹ جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے جمع کرائی جائے،شہباز گل کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جاتا ہے۔
شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد ہونے کے خلاف نظرثانی درخواست پر سماعت ہوئی، اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی جبکہ شہباز گل کے وکلاء سلمان صفدر اور فیصل چوہدری عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
پولیس کے تفتیشی افسر نے ریکارڈ عدالت کے سامنے پیش کیا جس کے بعد دلائل کا آغاز ہوا۔ دوران دلائل شہباز گل کے وکیل سلمان صفدر نے جنرل مرزا اسلم بیگ اور ایئر چیف مارشل اصغر خان کیس کا حوالہ دیا، تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ شہباز گل کا فون برآمد کرنا ہے لہذا ملزم کو ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج کو جسمانی ریمانڈ کی پولیس نظرثانی درخواست دوبارہ سن کر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔