غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ؛ اینٹی کرپشن نے فرح گوگی کو کلین چٹ دے دی

 لاہور: فرحت شہزادی کو فیصل آباد اکنامک زون میں دس ایکڑ انڈسٹریل پلاٹ کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی تحقیقات میں نیا موڑ آگیا۔

ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے انکوائری اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی کو بھجوانے کی سفارش کردی۔ اینٹی کرپشن کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی فائنل رپورٹ کے مطابق فرح گوگی کی طرف سے سرکاری خزانے کو نقصان نہیں پہنچایاگیا۔

تفتیشی ٹیم کے مطابق فیڈمک کے سی ای او اور سیکرٹری سمیت کسی سرکاری افسر کی مجرمانہ غفلت ثابت نہیں ہوئی۔ تحقیقاتی ٹیم نے سفارش کی کہ اراضی خریداری میں بےضابطگی ہوئی ہے تو اسپیشل اکنامک زون اتھارٹی محکمانہ طور پر چھان بین کرے۔

واضح رہے کہ اینٹی کرپشن نے فرح گوگی اور ان کی والدہ کی کمپنی المعیز ڈیری کو غیر قانونی طور پر انڈسٹریل پلاٹ الاٹ کرنے پر مقدمہ درج کررکھا تھا۔