لاہور(این این آئی) قومی احتساب بیور و (نیب ) نے اربوں روپے کنسلٹنٹس کو ادا کرنے پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے تفتیش کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔ نجی ٹی وی کے مطابق نیب لاہور نے گزشتہ دس سال کے پراجیکٹس کے دوران کنسلٹنٹس کو ادا شدہ اربوں روپے کی تفتیش شروع کر دی۔نیب نے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، محکمہ خزانہ اور متعلقہ محکموں سے ریکارڈ طلب کر لیا۔گزشتہ دس برس میں اربوں روپے من پسند کنسلٹنٹسکو ادا کیے گئے۔
سرکاری محکموں میں مطلوبہ اہلیت کی افرادی قوت کے باوجود الیکشن کمپین کرنے والوں کو کنسلٹنسی کی مد میں نوازا گیا۔میاں شہباز شریف نے اپنے دور حکومت میں 20 ارب روپے سے زائد رقم کنسلٹنٹس کو ادا کی۔چار کول پاورپلانٹس کیلئے 49 کروڑ 80 لاکھ، خادم پنجاب رورل روڈ پروگرام کے لیے 12 کروڑ 75 لاکھ کی ادائیگی کی گئی ۔مری میں کیبل کارز کی تنصیب کی فزیبلٹی سٹڈی کیلئے20 کروڑ ادا کئے گئے ۔