اے این پی کا ضمنی انتخابات مقررہ وقت پر کروانے کا مطالبہ

 پشاور: عوامی نیشنل پارٹی نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن سے ضمنی انتخابات مقررہ وقت پر کروانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا  کہ حتی الوسع کوشش تھی اور ہے کہ 16 اکتوبر کا ضمنی انتخاب مقررہ وقت پر ہو، ضمنی انتخاب کے لیے عوامی نیشنل پارٹی پوری طرح تیار ہے اور انتظامات مکمل ہیں، مقررہ وقت پر ضمنی انتخاب کے بعد کم از کم خیبر پختونخوا سے اس گند کا خاتمہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور سندھ سیلابی صورتحال کی وجہ سے ضمنی انتخاب نہیں کروا سکتی لیکن خیبر پختونخوا میں انتخاب کے انعقاد کے لیے حالات بالکل سازگار ہیں اس لیے مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ضمنی انتخاب کا انعقاد مقررہ وقت پر ہر صورت ممکن بنائے کیونکہ یہ حلقے اور یہاں کے عوام پارلیمنٹ میں اپنی نمائندگی سے محروم ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ باربار اتحادی حکومت اور دیگر اداروں سے کہا ہے کہ دفاعی اداروں کو انتخابی عمل کا حصہ نہ بنائے کیونکہ انتخابی عمل کا حصہ بننے کی وجہ سے دفاعی اداروں کی جو بدنامی ہوئی، بند ہونی چاہیے۔

حکومتی اتحاد سے متعلق صوبائی صدر ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بقا کی خاطر اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اے این پی نے اتحادی حکومت کا ساتھ دیا، دے رہے ہیں اور دیتے رہیں گے۔ اگر کوئی خوشی منا رہا ہے کہ ہم عدم استحکام والوں کی طرف کھڑے ہوں گے تو یہ انکی غلط فہمی ہے۔