لاہور: پنجاب اسمبلی کی تین نشستوں پر ہونے والی ضمنی انتخابات میں سے دو پر پی ٹی آئی کے امیدوار کامیاب ہوگئے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی کے تینوں پی پی 139 شیخوپورہ، پی پی 209 خانیوال، پی پی 241 بہاولنگر کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہونے پر فارم 47 جاری کردیا۔
پی پی 139 شیخوپورہ
پنجاب کے حلقہ پی پی 139 شیخو پورہ کے فارم 47 کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری افتخار بھانگو چالیس ہزار 829 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ پی ٹی آئی کے محمد ابوبکر 37 ہزار 712 ووٹ لے کر دوسرے نمبر اور تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار محمد رؤف 15 ہزار 502 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اس حلقے میں ووٹنگ ٹرن آؤٹ 41.86 فیصد رہا۔
پی پی 209 خانیوال
اسی طرح پی پی 209 خانیوال کے تمام 176 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوئے، جس کے مطابق پی ٹی آئی کے فیصل خان نیازی71 ہزار 156 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ مسلم لیگ ن کے چوہدری ضیا الرحمان 57 ہزار 603 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ مذکورہ حلقے میں ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 53.32 فیصد رہا۔
پی پی 241 بہاولنگر
الیکشن کمیشن کے مطابق پی پی 241 بہاولنگر کے تمام 168 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج موصول ہوئے جس کے مطابق پی ٹی آئی کے ملک مظفرخان 59 ہزار 957 ووٹ لے کر پہلے جبکہ مسلم لیگ ن کے امان اللہ ستار 48 ہزار 147 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ اس حلقے میں ووٹرز کا ٹرن آوٹ 48.83 فیصدرہا۔
علاوہ ازیں پنجاب میں قومی اسمبلی کی تین نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں سے دو پر پی ٹی آئی کو کامیابی حاصل ہوئی جبکہ ایک نشست پر پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار موسیٰ گیلانی کامیاب قرار پائے ہیں۔