چیف الیکشن کمشنر کا صدر مملکت کے مقرر کردہ اراکین سے حلف لینے سے انکار

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا نے صدر عارف علوی کی جانب سے تقرر کردہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے 2 اراکین سے حلف لینے سے انکار کردیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خالد محمود صدیقی اور منیر احمد خان کو بالترتیب سندھ اور بلوچستان کے الیکشن کمیشن کا رکن تعینات کیا تھا۔تاہم ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے ان دونوں اراکین سے حلف لینے سے انکار کردیا ہے اور اس حوالے سے وزارت پارلیمانی امور کو بھی آگاہ کردیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے ان دو اراکین کی تعیناتی کو آئین میں اراکین کی تقرری کے لیے درج آرٹیکل 213 اور 214 کی خلاف ورزی قرار دیا۔سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے چیف الیکشن کمشنر کے فیصلے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ جسٹس رضا نے آئین کی خلاف ورزی کے عمل کو روک دیا، ان دو اراکین سے حلف نہ لینے کے عمل کی آئین میں گنجائش موجود ہے اور اس فیصلے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ساکھ برقرار رہے گی۔