مسی سپپی: مہینوں کی ری ڈیزائننگ کے بعد ناسا نے آرٹیمس مشن کے تحت بالکل نئے راکٹ کی آزمائش کی ہے اور اسے 113 فیصد پاور لیول پر آزمایا گیا ہے۔
یہ تجربہ 8 مارچ 2023 کو کیا گیا ہے جس کی تفصیلات اب جاری کی گئی ہیں۔ ناسا نے مسی سپی میں واقع ٹیسٹ سائٹ پر آر ایس 25 انجن کی آزمائش کی ہے جو آرٹیمس مشن کے تحت چاند کی تسخیر میں اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔ اس راکٹ کو پوری استعداد پر چلایا گیا ہے جو 113 فیصد پر تھی۔
ناسا کے اسٹینس اسپیس سینٹر میں فریڈ ہیس ٹیسٹ اسٹینڈ میں اس راکٹ کو سال میں تیسری مرتبہ آزمایا گیا ہے۔ اسے ہاٹ فائر سیریز کا نام دیا گیا ہے۔ تاہم 8 فروری کو راکٹ کے نوزل میں غیرمعمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ راکٹ نے غیرمعمولی بہتری کا مظاہرہ کیا ہے۔
اسے ایک نجی کمپنی ایئروجیٹ راکٹ ڈائن سسٹم نے بنایا ہے۔ تاہم آرٹیمس فور کے ساتھ ہی چاند پر مشن کا آغاز ہوجائے گا لیکن اس کی حتمی تاریخ نہیں دی گئی ہے۔ اس تجربے کی جگہ موجود کمپنی کے نائب پروگرام مینیجر، مائیک لویئر نے بتایا کہ نوزل عین ڈیزائن کے تحت ہی کام کررہا تھا جو ایک خوش آئند بات بھی ہے۔ سائنسدانوں کے مطابق آرٹیمس مشن کے لیے راکٹ سازی میں غیرمعمولی تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔
اس راکٹ کے آر ایس 25 انجن کو 520 سیکنڈ تک فائر کیا گیا اور مجموعی پاور کی سطح سے بھی 113 فیصد پر جلایا گیا۔ وجہ یہ ہے کہ مجوزہ اورائن خلائی گاڑی خلانوردوں کو چاند تک پہنچائے گی اور ضروری ہے کہ راکٹ انجن زمین کی گرفت سے نکل کر اپنی منزل تک پہنچنے کے لے 500 سیکنڈ تک چلایا یا جلایا جائے۔
تاہم اس ضمن میں مزید تجربات بھی کئے جائیں گے۔