کراچی: پاکستان شوبز کی خوبرو اداکارہ منشا پاشا نے اداکاروں کی شادیاں ناکام ہونے کی وجہ بتا دی۔
حال ہی میں اداکارہ منشا پاشا ایک یوٹیوب شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے مختلف سماجی مسائل سمیت اداکاروں کی علیحدگی اور شادی کی ناکامی کی وجوہات بھی بیان کیں۔
منشا پاشا کا کہنا تھا کہ اداکار غیر مستحکم ہوتے ہیں اور ہمارا کام ہماری دماغی صحت کو بھی متاثر کرتا ہے کیونکہ ہم مسلسل کیمرے کے سامنے تاثرات اور جذبات سے کھیل رہے ہوتے ہیں اور لوگ ڈرامے میں ادا کئے گئے کردار سے ہی ہمارے بارے میں رائے قائم کرلیتے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اکثر جب کوئی اداکار اور اداکارہ کسی ڈرامے میں بطورِ جوڑی کردار نبھاتے ہیں تو لوگ ان کی جوڑی کو بے حد پسند کرنےلگتے ہیں اور جب وہ بھی یہ بات محسوس کرتے ہیں کہ وہ ایک ساتھ اچھے لگتے ہیں اور انہیں پسند کیا جاتا ہے اس لئے وہ شادی کرلیتے ہیں جو کہ بعد میں مسائل کا سبب بن جاتی ہے کیونکہ انہوں نے ایک دوسرے کو سمجھا نہیں ہوتا۔
اداکارہ منشا پاشا کا کہنا تھا کہ ہم اداکاروں کے کام کی نوعیت ہی دکھاوا کرنا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم جو بھی کر رہے ہوتے ہیں سوشل میڈیا پر دکھاتے ہیں اور لوگ ہمارے معاملات میں بولتے ہیں کیونکہ انہوں نے ہمیں جوڑی کے طور پر ایک ساتھ دیکھا ہوتا ہے اس لئے انہیں ہماری شادی اور طلاق کے بارے میں جاننے کیلئے بھی تجسس ہوتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی ذاتی زندگی سے جڑے معاملات سوشل میڈیا پر نہیں بتانے چاہیے اور اپنی منگنی شادی وغیرہ کو سوشل میڈیا سے دور رکھنا چاہیے کیونکہ ہماری شادی، شادی ہونی چاہیے نہ کہ سوشل میڈیا پر دکھایا جانے والا رشتہ۔
منشا کا کہنا تھا کہ اداکاروں کی شادیاں ناکام ہونے کی اور بھی کئی وجوہات ہوتی ہوں گی مگر ان میں سے ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے۔
یاد رہے کہ اداکارہ منشا پاشا ایک باصلاحیت اداکارہ ہیں جو سماجی مسائل پر اکثر آواز اُٹھاتی نظر آتی ہیں وہ نوجوان وکیل اور سماجی رہنما جبران ناصر کی اہلیہ ہیں اور یہ جوڑی ایک خوشگوار زندگی گزار رہی ہے۔