اگر سب لوگ دعا کریں تو شاید میرے پاپا بچ جائیں،لیجنڈری ایکٹر عابد علی کی بیٹی کی قوم سے التجا

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)نامور پاکستانی اداکار عابد علی کی حالت انتہائی تشویشناک ہے ان کی بیٹیوں ایمان اور راہمہ علی نے اپنے والد کی صحت یابی کے لیے مداحوں سے دعا کی درخواست کی ہے۔پاکستان ڈراما انڈسٹری کے سینئر اداکار عابد علی کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ ان کی بڑی بیٹی اداکارہ و ماڈل ایمان علی نے سوشل میڈیا پر اپنے والد اور گھر والوں کے ہمراہ ایک یاد گار تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں سے اپنے والد کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔دوسری جانب اداکار عابد علی کی چھوٹی بیٹی راہمہ نے بھی سوشل میڈیا پراپنے والد کی طبعیت سے لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ ان کے والد گزشتہ دو ماہ سے بہت بیمار ہیں، ڈاکٹرز نے ان کے علاج میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، لیکن اب تمام ڈاکٹرز نے جواب دے دیاہے۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ جو کرسکتے تھے کرلیا اب وہ ہمارے والد کو بچانے کے لیے کچھ نہیں کرسکتے۔ لیکن اللہ سے بڑی کوئی طاقت نہیں، وہ چاہے تو کیا نہیں ہوسکتا۔

راہمہ نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہمارے ساتھ اگر آپ لوگوں کی دعائیں بھی مل جائیں تو شاید اللہ سن لیں کسی کی، مہربانی کرکے ہمارے والد کے لیے دعا کریں۔عابد علی کا شمار ان ایکٹرز میں ہوتا ہے جنہوں نے دہائیوں تک شائقین کے دلوں پر راج کیا بلکہ ابھی بھی لوگ ان سے بے پناہ محبت کرتے ہیں۔مگر لوگوں کا یہ ہیرو اس وقت زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے جسے اسپتال میں بھی منتقل کر دیا گیا ہے۔عابد علی کو کینسر ہے جس کا علاج شوکت خانم اسپتال سے کروایا گیا تھا۔پچھلے دو مہینوں سے ان کی طبیعت بگڑنا شروع ہو گئی تھی اور اب ایک بار پھر ان کی طبیعت زیادہ خراب ہوچکی ہے۔ڈاکٹرز نے جواب دے دیا ہے اور بظاہر بچنے کی کوئی صورت نظر نہیں آتی۔ڈاکٹرز نے معجزہ ہونے اور دعاؤں کے لیے خاندان سے کہا ہے جس بنا پر عابد علی کی بیٹی نے سوشل میڈیا پر سبھی لوگ سے اپنے والد کی زندگی کے لیے دعا کرنے اور بالخصوص تلاوت کر کے دعا مانگنے کی التجا کی ہے۔واضح رہے کہ عابد علی کا شمار پاکستان کے لیجنڈ اداکاروں میں ہوتا ہے انہوں نے ’’وارث‘‘، ’’دیار دل‘‘، ’’مہندی‘‘، ’’بیٹیاں‘‘، ’’صنم‘‘، ’’رخصتی‘‘ اور’’دشت‘‘ جیسے مقبول ڈراموں میں لازوال کردار اداکیے ہیں۔