میرے بچوں اور گھر والوں کو ہراساں کیا گیا، ابرار الحق کے گھر پر پولیس کا چھاپہ

لاہور: پاکستانی میوزک انڈسٹری کے نامور گلوکار اور پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق نے رات گئے ان کے گھر پر پولیس کے چھاپے کی شدید مذمت کی ہے۔
ابرار الحق نے ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے آگاہ کیا ہے کہ رات گئے پولیس نے ان کے گھر پر چھاپہ مارا ہے اس دوران ان کے گھریلو ملازمین پر تشدد کیا گیا اور ان کے گھر والوں کو پولیس کی جانب سے ہراساں کیا گیا۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ ان کے گھر والوں نے بچوں کو ان کے نانا کے گھر بھیجنا چاہا تو انہیں دھمکی دی گئی کہ وہ میرے بیٹے کو اُٹھا کر لے جائیں گے پھر اس کا باپ آئے گا۔
ابرار الحق نے کہا کہ بچوں کے باپ نے آخر کیا کیا ہے؟ میں تو 9 مئی کے واقعات پر بھی مذمت کرتا رہا ویڈیو پیغام بھی جاری کیا اور لوگوں کو درس دیتا رہا کہ وہ توڑ پھوڑ نہ کریں۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ میں پاک فوج سے بےحد محبت کرتا ہوں میرے خاندان کا فوج سے تعلق رہا ہے اور میں خود بھی فوج میں جانا چاہتا تھا۔
ابرار الحق نے 9 مئی کے واقعات کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کور کمانڈر لاہور کے گھر پر سمیت دیگر فوجی املاک کی توڑ پھوڑ پر بہت افسوس ہے۔