پاکستان کی ابھرتی ہوئی اداکارہ در فشاں کا کہنا ہے کہ وہ چاہتی ہیں ان کی شادی بھی کترینہ کیف کی طرح خاموشی سے ہو۔در فشاں حال ہی میں نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئیں جس میں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی سمیت کیرئیر میں پیش آنے والے چیلنجز سے متعلق گفتگو کی۔میزبان نے اداکارہ سے شادی کے حوالے سے خیالات جاننا چاہے جس پر در فشاں نے کہا کہ ‘میں کوشش کروں گی کہ کسی بھی شخص کے ساتھ ڈیٹ نہ کروں اور سیدھا سیدھا نکاح کروں’۔انہوں نے کہا کہ ‘میرے خیال سے شادی سے پہلے ملاقاتیں کرنا ایک عارضی چیز ہوتی ہے، نکاح کی اپنی خوبصورتی ہے، آپ اپنا رشتہ پکا کریں، فیملی کو ملوائیں پھر چاہے ملنا جلنا شروع کردیں’۔در فشاں نے مزید کہا کہ ‘میں چاہتی ہوں میری شادی کترینہ کیف کی طرح ہو، بالکل خاموشی سے، کیونکہ وکی اور کترینہ کے رشتے کے بارے میں بھی آخر وقت تک کسی کو نہیں پتا تھا’۔واضح رہے کہ کترینہ کیف اور اداکار وکی کوشل 9 دسمبر 2021 کو شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔