ڈیرہ غازی خان: سوشل میڈیا صارفین نے پاکستان مسلم لیگ (پی ایم ایل) ن کی نائب صدر مریم نواز پر ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی کا فیشن کاپی کرنے کا الزام لگایا ہے۔
ڈیرہ غازی خان کے علاقے ٹبی قیصرانی کے دورے کے دوران مریم نواز نے سیاہ رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا اور وہ متاثرہ خواتین سے غمگین حالت میں گلے بھی ملتی دکھائی دیں۔
یاد رہے کہ مریم نواز کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقے کا دورہ کرنے اور متاثرین کے ساتھ تصاویر کھنچوانے کے فوٹو اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں۔
متعدد صارفین نے دعویٰ کیا کہ جس طرح 2010 کے سیلاب کے بعد ہالی وڈ اداکارہ انجلینا جولی نے پاکستان کا دورہ کرکے متاثرہ خواتین کے ساتھ سیاہ لباس میں تصاویر بنوائی تھیں، اسی طرح مریم نواز نے بھی ان کا اسٹائل کاپی کرکے صرف فوٹو سیشن کروایا ہے۔
ٹوئٹر پر لوگوں نے ان پر صرف فوٹو سیشن کے لیے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کا الزام لگایا اور انہیں اس بات پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ انہوں نے متاثرین کے لیے کسی امداد کا اعلان نہیں کیا۔