چیمپیئنز ٹرافی؛ آئی سی سی بورڈ اجلاس پھر ملتوی، بھارتی ہٹ دھرمی برقرار

کراچی:چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے مستقبل کے حوالے سے آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ پھر ملتوی ہوگئی، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اجلاس کے لیے دبئی پہنچے تھے۔بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے چیمپیئنز ٹرافی کے معاملے پر ڈیڈلاک برقرار ہے۔ذرائع کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی پر آئی سی سی کا اجلاس اب 7 دسمبر کو ہوگا اور یہ اس وقت ہوگا جب انڈیا پاکستان کے مؤقف پر جواب دے گا۔ بھارتی بورڈ کی جانب سے جواب نہ ملنے کے سبب آج کا اجلاس ملتوی ہوا۔آئی سی سی کے نئے سربراہ جے شاہ کی جانب سے اجلاس کو تعارفی قرار دیا جا رہا تھا، تاہم قوی امکان تھا کہ اس موقع پر چیمپیئنز ٹرافی کے حوالے سے مختلف معاملات زیر بحث آئیں گے، میٹنگ میں شیڈول سمیت دیگر امور کے حوالے سے اہم ترین فیصلے بھی متوقع تھے۔پاکستانی پارٹنر شپ یا فیوژن فارمولے میں بھارت کی عدم دلچسپی سامنے آ چکی ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ میٹنگ میں ایونٹ کے معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے گی، حیران کن طور پر ایجنڈے میں بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان سے انکار کا معاملہ شامل نہیں تھا۔