چیمپئنز ٹرافی سے متعلق بیشتر معاملات پر اتفاق؛ جلد فیصلے کا امکان

آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے حوالے سے رواں ہفتے ہی کسی فیصلے کا امکان بڑھ گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ٹاپ آفیشلز ایک بار پھر دبئی پہنچ کر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کیساتھا مذاکرات میں مصروف ہیں جبکہ ذرائع کا بتانا ہے کہ بیشتر معاملات پر اتفاق ہوچکا ہے۔تفصیلات کے مطابق چیمپئینز ٹرافی کیلئے بھارت نے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا، وہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت اپنے میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کھیلنا چاہتا ہے، پی سی بی نے بھی سخت موقف اپنایا اور پارٹنر شپ یا فیوژن فارمولہ پیش کردیا، اس کے تحت آئندہ 3 برس تک دونوں ممالک میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں ان کی ٹیمیں اپنے میچز یو اے ای میں کھیلیں گی۔ابتدا میں بھارت نے ناز نخرے دکھائے البتہ پھر بیشتر شرائط مان لیں، البتہ بعض پر اعتراض جاری رہا جس کی وجہ سے تاحال چیمپئینز ٹرافی کا شیڈول بھی جاری نہیں ہوسکا۔اس حوالے سے گزشتہ 2،3 دن خاموشی چھائی رہی البتہ ذرائع کے مطابق پس پردہ مذاکرات جاری ہیں، پی سی بی کے سابق سی او او سلمان نصیر گزشتہ کئی روز سے دبئی میں ہی موجود ہیں جبکہ موجودہ سی او او سمیر سید بھی وہاں پہنچ چکے ہیں۔دونوں کی گزشتہ روز بھی آئی سی سی حکام سے بات چیت جاری رہی، بھارتی بورڈ کے ساتھ اب براہ راست مذاکرات نہیں ہو رہے بلکہ عالمی کونسل معاونت کر رہی ہے۔مزید پڑھیں: چیمپئینز ٹرافی؛ "ہائبرڈ ماڈل تو ٹھیک ہے! بھارتی ایونٹس کیلئے بھی لکھ کردیں”پاکستان نے بھارتی ٹیم کے نہ آنے پر مالی نقصان کی تلافی کیلئے بعض تجاویز دی تھیں ان پر ڈیڈ لاک قائم ہوگیا البتہ اب معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔رواں ہفتے ہی چیمپئینز ٹرافی کے معاملے پر کوئی اعلان ہوسکتا ہے، پی سی بی خود بھی چاہتا ہے کہ مسئلہ جلد حل ہو کیونکہ اسے ایونٹ کیلئے ٹکٹنگ سمیت دیگر انتظامات بھی کرنا ہیں۔واضح رہے کہ بھارتی میڈیا نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ چیمپئینز ٹرافی کے معاملے پر بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستانی فارمولے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔