سابق وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی کاسکالرز کالج آف سائنسز اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی مظفرآباد کا دورہ

مظفرآباد (نمائندہ خصوصی)نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایکریڈی ایشن کونسل کی جانب سے کنوینئر NCEAC ڈاکٹر جمیل (سابق وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی ) نے سکالرز کالج آف سائنسز اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی مظفرآباد کا دورہ۔ادارہ کے معیار اور ادارہ کی خدمات پر ادارہ کے جملہ سٹاف اور ٹیم پر اظہار اطمینان،نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایکریڈی ایشن کونسل، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ماتحت ایک ایسا ادارہ ہے جو ملک بھر میں کمپیوٹنگ ایجوکیشن کے معیار، اداروں کے انفراسٹرکچر، اور اہلیت کا معائنہ کرتا ہے اور انہیں مطلوبہ معیار کے مطابق ہونے پر ہی کمپیوٹنگ ایجوکیشن کے پروگرامز چلانے کی سفارشات مرتب کر کے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو پیش کرتا ہے۔کونسل کی جانب سے ادارہ کا دورہ کرنے والے ڈاکٹر جمیل نے ادارے کی کمپیوٹر لیب، لائبریری، سٹاف کی تعلیمی قابلیت، شعبہ کمپیوٹر سائنسز کی ریکارڈ فائلز، ادارے کے انفراسٹرکچر، ای لائبریری، کلاس رومز، سالانہ سپورٹس رپورٹ سمیت مختلف اشیاء کا معائنہ کیا۔چیئرمین سکالرز فاونڈیشن سید افتخار کاظمی نے ادارہ کی 20 سالہ کارکردگی کی رپورٹ کونسل کو پیش کی۔پرنسپل سکالرز کالج مظفرآباد محترمہ سمیعہ صدیق نے ادارے کے انتظامی امور سے متعلق کونسل کو بریفنگ دی۔ڈائریکٹر بی ایس پروگرامز راجہ عبدالقادر نے ادارے میں چل رہے بی ایس پروگرامز اور ان کی تفصیل بارے کونسل کو آگاہ کیا۔اس موقع پر انچارج شعبہ کمپیوٹر سائنسز راجہ محمد بشیر خان، لیکچرار شعبہ کمپیوٹر سائنسز سید فیضان شاہ سمیت جملہ انتظامی اور سپورٹنگ سٹاف اس مختصر دورہ کے موقع پر موجود تھا۔کونسل کی جانب سے ادارے کے تعلیمی معیار، کمپیوٹر لیب، لائبریری، ای لائبریری اور شاندار انفراسٹرکچر پر اظہار اطمینان کیا گیا اور ادارے کو مطلوبہ معیار کے مطابق قرار دیا گیا۔علاوہ ازیں ادارے کی جانب سے 2005 کے زلزلہ کے بعد تعلیمی ڈھانچے کی بحالی، کمپیوٹر ٹریننگ کے شعبہ میں مختلف اداروں اور حکومتی شعبہ جات سے وابستہ افراد کی ٹریننگ، فزیکل ایجوکیشن کے شعبہ میں پیش کی جانے والی خدمات اور شاندار سالانہ سپورٹس فیسٹیول، امن و امان کے قیام کے لیے ملک گیر کانفرنسز اور سیمینار کے انعقاد، کیرئیر کونسلنگ، نوجوانوں میں مثبت رویوں کے فروغ، شخصیت سازی سمیت ہم نصابی سرگرمیوں کو شاندار الفاظ میں سراہا گیا اور معاشرے میں ہونے والی مثبت تبدیلیوں میں ادارے کے کردار کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا گیا۔ نیشنل کمپیوٹنگ ایجوکیشن ایکریڈی ایشن کونسل کی جانب سے ڈاکٹر جمیل کے ادارہ کے دورہ پر سکالرز کالج آف سائنسز اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی مظفرآباد نے شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر چیئرمین سکالرز فاؤنڈیشن سید افتخار کاظمی کا کہنا تھا کہ ادارہ اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مستقبل میں اپنے طلباء کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہر ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے معیاری تعلیم، اخلاقی تربیت اور ہنرمندی سے مزین معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔