کراچی بلدیاتی انتخابات کے نتائج مکمل؛ پیپلز پارٹی نے میدان مارلیا، جماعت اسلامی دوسرے نمبر پر

کراچی: شہر قائد کے بلدیاتی انتخابات میں الیکشن کمیشن نے تمام 235 یوسیز کے نتائج جاری کردیے جن کے مطابق پیپلز پارٹی نے کراچی میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرلیں، جماعت اسلامی دوسرے اور پی ٹی آئی تیسرے نمبر پر ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن سے موصولہ غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 93 یوسیز سے کامیابی حاصل کی ہے۔ دوسرے نمبر پر جماعت اسلامی ہے جو 86 نشستوں پر کامیاب ہوئی جب کہ تیسرے نمبر پر پی ٹی آئی رہی جس نے یوسی چیئرمین وائس چیئرمین کی 40 نشستیں حاصل کیں۔
مسلم لیگ (ن) نے سات، جے یو آئی (ف) نے تین، ٹی ایل پی نے دو اور مہاجر قومی موومنٹ نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی، تین یوسیز سے آزاد امیدوار جیتے۔
10 یوسیز پر امیدوارں کے انتقال کے باعث پولنگ نہیں ہوئی اور ایک نشست پر پیپلز پارٹی کے یوسی چیئرمین وائس چیئرمین بلامقابلہ کامیاب ہوئے۔
اندرون سندھ کے بیشتر اضلاع میں پیپلز پارٹی چھائی رہی اور بیشتر نشستیں حاصل کرکے سرفہرست رہی۔ بلدیاتی انتخابات کے دوران، حیدرآباد، جوہی، سیہون، ٹھٹھہ، جامشورو، خیرپور ناتھن، مٹیاری، میہڑ، دادو، سجاول، بدین میرپور ساکرو، ماتلی و دیگر اضلاع کی یونین کمیٹیوں میں پیپلزپارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے۔
کراچی کی طرح حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج بھی موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے اور وہاں بھی پیپلز پارٹی کو سبقت حاصل ہے۔ غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق حیدر آباد ضلع کی تین ہزار سے ایک سو ایک نشستوں میں سے پیپلز پارٹی ایک ہزار 34 نشستیں حاصل کرکے سرفہرست ہے۔
اسی طرح موصولہ دیگر جماعتوں کے نتائج کے مطابق پی ٹی آئی 126 نشستوں کے ساتھ دوسرے، جماعت سلامی 111 نشستوں کے ساتھ تیسرے اور گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس 15 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، جمعیت علمائے اسلام (ف) نے گیارہ نشستیں اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی نے 8 نشستیں حاصل کیں جب کہ آزاد امیدوار بھی چھائے رہے اور انہوں ںے 92 نشستیں حاصل کرلیں۔
تحریک انصاف کا دھاندلی کا الزام
پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی نے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے باوجود تحریک انصاف بہت ساری سیٹیں جیتی، الیکشن کمیشن دھاندلی میں براہ راست ملوث ہے، آزاد اور شفاف الیکشن کے انعقاد میں الیکشن کمیشن بری طرح ناکام رہا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پاس کافی ثبوت ہیں جنہیں عدالتوں میں پیش کریں گے، پی ڈی ایم کی چودھویں جماعت الیکشن کمیشن ہے، پی ٹی آئی ایک پرامن جماعت ہے، ابھی تک امیدوار آر اوز کے دفتر کے باہر بیٹھے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل کراچی میں جو ہوا اسے جو الیکشن کہتا ہے اس سے بڑا جھوٹا نہیں دیکھا، پولیس سچ بولنے والوں کے پیچھے لگ جاتی ہے، بلاول تم بھی کرپٹ ہو تم اور تمھاری جماعت کرپشن میں ملوث ہے۔