نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری میں پارلیمانی کمیٹی ناکام، معاملہ الیکشن کمیشن کو جائے گا

لاہور: پنجاب اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی نگراں وزیر اعلیٰ کے تقرر پر متفق نہ ہوسکی جس کے بعد یہ معاملہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جائے گا۔

نگران وزیر اعلی کے تقرر کیلیے بنائی جانے والی حکومتی اور اپوزیشن اراکین پر مشتمل 6 رکنی پارلیمانی کمیٹی کا اسپیکر سبطین خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں دونوں کی جانب سے پیش کردہ ناموں پر غور کیا گیا۔

دوران اجلاس متحدہ اپوزیشن کے ارکان اپنے دو نام میں سے کسی ایک کو ہی نگراں وزیر اعلیٰ کے لئے اصرار کرتے رہے جبکہ حکومتی ارکان نے احمد سکیھرا اور نوید اکرم چیمہ میں سے کسی ایک کو نگراں وزیر اعلیٰ تقرری کی تجویز دی۔

پارلیمانی کمیٹی کے اراکین میں کسی ایک نام پر اتفاق رائے نہ ہوسکا جس کے بعد اب اس معاملے کر رات کو الیکشن کمیشن کو بھیج دیا جائے گا۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن محسن نقوی، احد چیمہ، نوید اکرم چیمہ اور احمد نواز سکھیرا میں سے کسی ایک کو نگران وزیر اعلی مقرر کرے گا۔

آئینی طور پر نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کی تقرری کے لیے الیکشن کمیشن کے پاس 48 گھنٹے کا وقت ہوگا۔