ورلڈ بینک کے قرضے سے لگژری گاڑیاں خریدنے کا منصوبہ

اسلام آباد ( نیوز رپورٹ ) وزیر اعظم کی کفایت شعاری کی پالیسی کو نظر انداز کرتے ہوئے پاکستان میں ٹیکس اصلاحات اور جمع کرنے والے ادارے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے نام پر 155 لگژری گاڑیاں خریدنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ پاکستانی اخبار ایکسپریس نے انکشاف کیا ہے کہ ان 155 گاڑیوں کی خریداری کیلئے 1.6 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔اطلاعات ہیں کہ یہ رقم یعنی قرضہ عالمی بینک نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے فرسودہ ٹیکس نظام کو اپ گریڈ کرنے کیلئے دیا تھا تاکہ پاکستان میں ٹیکس کے نظام کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا جائے۔ گاڑیوں کی خریداری کے لیے 1.63 ارب روپے کی لاگت عالمی بینک کے امدادی فنڈز کے 8.6 فیصد کے برابر ہے جو ایف بی آر نے اپنے فرسودہ ہارڈویئر اور سافٹ ویئر کی اپ گریڈیشن کے لیے حاصل کیے تھے۔ایف بی آر کی دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس منصوبے کے تحت ٹیکس دہندگان کی سہولت کے نام پر ان گاڑیوں کو خریدنے کے لیے ورلڈ بینک کا قرض استعمال کیا جائے گا۔