کراچی پولیس آفس میں داخل ہونے والے دہشتگردوں کی ایک اور فوٹیج سامنے آگئی

کراچی پولیس آفس پر دہشت گرد حملے کے نتیجے میں مارے جانے والے دہشت گردوں کی ایک اور سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
فوٹیج کے مطابق گاڑی میں سوار دہشت گرد شارع فیصل سے ہوتے ہوئے کے پی او پہنچے، پیٹرول پمپ کے نصب سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دہشت گردوں کی گاڑی 7 بج کر ایک منٹ پر صدر تھانے کے سامنے سے ہوتے ہوئے کے پی او کے مرکزی گیٹ کے سامنے سے گزری۔
ذرائع کے مطابق دہشت گرد کے پی او کے عقب میں واقع فیملی کوارٹرز سے ہوتے ہوئے پہنچے جہاں موٹر سائیکل سوار 2 دہشت گردوں نے انہیں کے پی او کی عمارت کی نشاندہی کی۔
دہشت گردوں نے گاڑی سے اترنے کے بعد کے پی او کے باہر پارکنگ ایریا میں تعینات پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے زخمی کیا جس کے بعد دہشت گردوں نے مغرب کی نماز ادا کرکے مسجد سے نکلنے والے نائب امام پر فائرنگ کی لیکن خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہے۔
اسکے بعد دہشت گرد کے پی او اور صدر تھانے کے درمیان گلی سے ہوتے ہوئے کے پی او کے مرکزی گیٹ پر پہنچے جہاں دہشت گردوں نے فائرنگ اور دستی بموں سے حملہ کر دیا اور کراچی پولیس آفس میں داخل ہوگئے۔