پشاور: خیبرپختون خوا کے محکمہ خزانہ نے سرکاری ملازمین کو عید پر پیشگی تنخواہ دینے سے معذرت کرلی۔
محکمہ خزانہ نے مالی مشکلات سے متعلق چیف سیکریٹری کو تفصیلی نوٹ بھجوادیا جس میں تمام تر اخراجات اور محصولات کی تفصیلات بجھوا دی گئی ہیں۔
محکمہ خزانہ کے مطابق صوبائی حکومت کو گزشتہ ایک سال سے مالی مشکلات کا سامنا ہے، صوبے کے اکاؤنٹ ون میں 13 ارب روپے موجود ہیں، تنخواہوں کے کل اخراجات 45 ارب روپے ہیں، اپریل میں وفاقی حکومت سے 20 سے 25 ارب روپے ملنے کا امکان ہے۔
سرکاری دستاویز میں کہا گیا ہے کہ محکمہ خزانہ تنخواہوں اور پنشن کی پیشگی ادائیگی کی پوزیشن میں نہیں، تنخواہ اگلے مہینے کے پہلے ورکنگ ڈے میں تقسیم کرنے کی اجازت دی جائے۔
دستاویز کے مطابق آٹے کی مد میں 20 ارب، ضروری خدمات کیلئے اسپتالوں کو 3 ارب روپے سے زائد دینے ہیں، صحت کارڈ کیلئے 4 ارب، لا اینڈ آرڈر کیلئے ایک ارب روپے اور مفت نصابی کتب کیلئے ایک ارب 30 کروڑ روپےکی ادائیگی کرنی ہے۔