اسلام آباد: قومی اسمبلی نے پنجاب میں انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری کرنے سے متعلق تحریک کثرت رائے سے مسترد کردی۔
اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی سربراہی میں ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کابینہ کی جانب سے ریفر کی گئی سمری بطور تحریک ایوان میں پیش کی۔
قائمہ کمیٹی نے قومی اسمبلی کی منظوری کے بغیر فنڈز جاری نہ کرنے کی سفارش کی تھی۔
مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ نے الیکشن فنڈز کی فراہمی کی سمری قومی اسمبلی کو ریفر کردی
دوران اجلاس وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے 12 ارب روپے انتخابی فنڈز سے متعلق قائمہ کمیٹی خزانہ کی رپورٹ ایوان میں پیش کرتے ہوئے کابینہ کی منظوری کے بعد فنڈز کے اجرا سے متعلق ضمنی گرانٹ کی تحریک پیش کی جسے حکومتی اتحادی جماعتوں نے کثرت رائے سے مستردکرد یا جبکہ پی ٹی آئی اور جی ڈی اے ارکان کی تحریک کی حمایت کی ۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ایوان میں ملک بھر میں ایک ہی روز الیکشن سے متعلق قرارداد پاس کر چکی ہے کسی ایک شخص کی انا کی تسکین کیلئے الگ الگ الیکشن نہیں ہو سکتے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا فنڈز مختص کرنا اسٹیٹ بنک کا کام نہیں۔ معاملہ پارلیمنٹ پر چھوڑ رہے ہیں۔
بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس کل دن 12 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔