سابق چیف سلیکٹر اور کپتان شاہد آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف جارحانہ اننگز کھیلنے والے مڈل آرڈر بلےبازافتخار احمد کی کھل کر تعریف کی ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر سابق کپتان شاہد آفریدی نے لکھا کہ افتخار احمد میرے لیے چاچا نہیں ، آپ بوم بوم ہیں لیکن میری خواہش تھی کہ آپ میچ ختم کر کے یادگار اننگز بناتے۔انہوں نے لکھاکہ مجموعی طور پر دونوں ٹیموں نے بہترین کرکٹ کھیلی، شائقین کرکٹ نے خوب لطف اٹھایا۔نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے ٹی20 میچ میں میزبان پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست ہوئی تھی، اس میچ میں افتخار احمد نے جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح کے قریب لاکھڑا کیا تھا تاہم وہ 24 گیندوں پر 60 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے اور یوں گرین شرٹس محض 4 رنز سے میچ جیتنے میں ناکام رہے۔افتخار احمد کی اننگز میں 6 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے جبکہ انہوں نے 250 کے اسٹرائیک سے بیٹنگ کی۔