عمران خان بے مثال شخصیت ہیں،بھارتی خفیہ ایجنسی’’ را ‘‘کے سابق چیف بھی کپتان کے معترف نکلے

اسلام آباد(نیوزڈیسک)بھارتی خفیہ ایجنسی ”را” کے سابق چیف نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی متاثر کُن شخصیت کا اعتراف کر لیا اور اُن کے معترف ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق سابق را چیف اے ایس دولت نے ہندو سینٹر آف پالیٹکس کو انٹرویو دیتے ہوئے اعتراف کیا کہ عمران خان ایک بہترین وزیر اعظم ہیں۔ اے ایس دولت نے کہا کہ فیصلہ سازی، خود اعتمادی اور قائدانہ صلاحیتوں کے اعتبار سے عمران خان بے مثال شخصیت ہیں۔سابق ریسرچ اینڈ اینالسز ونگ چیف اے ایس دولت نے اپنے انٹرویو میں اعتراف کیا کہ کشمیر دو طرفہ مسئلہ ہے، بھارت بھی مان چکا ہے کہ آگے بڑھنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے لیے عمران خان ہی وہ شخصیت ہیں جن سے بات ہو سکتی ہے۔سابق را چیف اے ایس دولت کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان ، پاکستان آرمی اور پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے آپس میں تعلقات مثالی ہیں۔یہی وجہ ہے کہ وہ بہترین فیصلہ کر سکتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ ان کے آپس میں یہ مثالی تعلقات ہمارے لیے بہتر ہیں۔ اے ایس دولت نے کہا کہ عمران خان فیصلے خود کرتے ہیں، وہ کسی قسم کے سہاروں کے محتاج نہیں ہوتے، انہوں نے اپنی سرکار کو تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگر مودی سرکار عمران خان سے بات نہیں کر سکتی تو پھر اُسے چاہئیے کہ وہ سدھو کو بات کرنے کے لیے بھیج دے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اے ایس دولت اٹل بہاری واجپائی کے دور میں بھارت کی خفیہ ایجنسی ”را” کے سربراہ تھے، بعد ازاں وہ کشمیر پر ان کے مشیر کے عہدے پر بھی تعینات رہے۔ بھارت کی خفیہ ایجنسی کے سابق چیف کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کی تعریف اور ان کی صلاحیتوں کا اعتراف پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔