کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کوئی پاکستانی جناح ہاؤس کو نہیں جلاسکتا، یہ دہشت گرد اور پاکستان دشمن کا کام ہے۔
شہباز شریف نے کوئٹہ میں کھیلوں کے قومی مقابلوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو ملک کی تاریخ کا دلخراش واقعہ پیش آیا، جیسے دشمن نے زیارت میں قائد کے گھر پر حملہ کرکے تباہ کیا، اسی طرح لاہور میں بھی جناح ہاؤس کو جلایا گیا، کوئی پاکستانی یہ کام نہیں کرسکتا اور ایسا کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، یہ دہشت گرد اور پاکستان دشمن کا کام ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان اور جی ایچ کیو پر حملہ پاکستانیت اور حب الوطنی نہیں بلکہ کھلی دہشت گردی و ملک دشمنی ہے، دشمن 75 سال میں وہ کام نہ کرسکا جو 9 مئی کو ہوا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں ایسے اقدامات کرنے ہوں گے کہ تاقیامت دوبارہ ایسا واقعہ نہ ہو، قانون کے مطابق ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے گی تاکہ قیامت تک کوئی دوبارہ اس کام کی جرات نہ کرسکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مذموم حرکت اور شہدا کی توہین کی ہمیشہ مذمت کی جاتی رہے گی اور 9 مئی کا دن ہمیشہ ملکی تاریخ میں یوم سیاہ کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔