لاہور: نگراں پنجاب حکومت کے مشیر کھیل فاسٹ بولر وہاب ریاض نے پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) سے کیمپ میں بلانے کی درخواست کردی۔
لاہور کے مقامی کالج میں منعقد ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وہاب ریاض نے کہا کہ پی سی بی سے درخواست ہے کہ کیمپ میں بلایا جائے۔ کیمپ میں اچھے انداز میں بولنگ پریکٹس کر سکوں گا۔ کیمپ میں بولنگ کرنے سے ردھم اور فارم حاصل کرنے کا بہترین موقع ملتا ہے۔ ابھی کرکٹ کو خیر باد کہنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ کیمپ میں مدعو نہیں کیا گیا تو بولنگ چھوڑ نہیں دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو ورلڈکپ کے لیے ابھی سے فوکس کرنا ہوگا۔ یہ ٹی 20 کرکٹ نہیں کہ 4 اورز سے کام چل جائے گا۔ون ڈے کرکٹ پاکستان نے پہلے ہی بہت کھیلی ہے سلیکٹرز کو ابھی سے ممکنہ کمبی نیشن تیار کرکے زیادہ سے زیادہ ون ڈے میچز کھلانا ہوں گے۔
وہاب ریاض نے کہا کہ بھارت کی کنڈیشنز میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی ضرورت پڑے گی ۔اس میگا ایونٹ کے لیے میری خدمات بھی حاضر ہیں۔