ابوظبی(نمائندہ خصوصی)سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ اور برطانیہ نے سوڈان میں 21 نومبر 2021 کو ہونے والے سیاسی معاہدے اور ڈاکٹر عبد اللہ حمدوک کی بطور وزیر اعظم بحالی کا خیرمقدم کیا ہے۔ چاروں ممالک کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں معاہدے پر دستخط کرنے والے فریقین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ سیاسی معاہدے میں کیے گئے وعدوں پر عمل کریں۔ بیان میں سیاسی نظربندوں کی حالیہ رہائی اور تحقیقاتی کمیٹی کے قیام کو سراہتےہوئے اس بات پر زور دیا گیا ہےکہ مظاہرین کے خلاف تشدد کے ذمہ داروں کا احتساب کیا جائے۔ چاروں ممالک نے کہا کہ ہم آزاد ماہرین پر مشتمل سویلین حکومت کی تشکیل کی جانب جلد پیش رفت کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ ہم 21 نومبر کے معاہدے کے تحت سیاسی اعلان اور شراکت داری کے فریم ورک کی جانب جلد پیش رفت اور اس بات چیت کے عمل میں شرکت کے لیے 2019 سویلین ملٹری پارٹنرشپ کے تمام فریقین کو مدعو کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔ بیان میں 2023 کے اواخر یا 2024 کے اوائل میں ہونے والے انتخابات کے حوالے سے ایک روڈ میپ جاری کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیاگیا ہے۔ چاروں ممالک نے کہا کہ ہم سوڈان کی جمہوری، مستحکم اور پرامن قوم کے لیے اپنی اجتماعی اور انفرادی حمایت کی اعلان کرتے ہیں۔ حالیہ مظاہرے سوڈانی عوام کی جمہوریت کی طرف منتقلی کے عزم کو ظاہر کرتے ہیں اور انہیں تشدد سے بچانا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم سوڈان میں اقوام متحدہ کے انٹیگریٹڈ ٹرانزیشن اسسٹنس مشن (UNITAMS) کے مینڈیٹ کے نفاذ کی بھی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ یہ معاہدہ سوڈان کے سیاسی چیلنجوں کو حل کرنے اور 2019 کی آئینی دستاویز کی بنیاد پر ملک کی جمہوریت پرمنتقلی کی جانب کا پہلا قدم ہے۔