بھارت میں ایک نوجوان نے اپنے اہل خانہ کو قتل کرکے فیس بل لائیو پر لاشیں دکھائیں اور قتل کی وجہ بتائی۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ہولناک واقعہ لکھنؤ میں پیش آیا جہاں آگرہ سے ایک خاندان نئے سال کا جشن منانے آیا تھا۔مرنے والوں کی شناخت 9 سالہ عالیہ،16 سالہ اقصیٰ، 18 سالہ رحیماں، 19 سالہ علیشیا اور ان کی والدہ اسماء کے ناموں سے ہوئی ہے۔سفاک بیٹے نے اپنی والدہ اور بہنوں کے منہ میں کپڑا ٹھوس کر دوپٹے سے پھندا لگایا اور کلائیاں بھی کاٹیں۔ یہاں تک کہ ان کی موت واقع ہوگئی۔والدہ اور چار بہنوں کو قتل کرنے کے بعد فیس بک لائیو آکر کہا کہ برادری کے لوگوں نے اس انتہائی قدم پر مجبور کیا۔ملزم نے مزید کہا کہ میں نہیں چاہتا تھا کہ میری بہنوں کو بیچا جائے۔ ہماری زمینوں پر قبضہ کرنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی تھیں۔ملزم نے ویڈیو میں کہا کہ وہ اور اس کا خاندان امن کے ساتھ رہنے کے لیے مذہب تبدیل کرنا چاہتا تھا۔ویڈیو میں ملزم کو یہ کہتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے کہ ہماری زمین پر ایک مندر بننا چاہیے اور گھر کا سامان کسی یتیم خانے کو عطیہ کرنا چاہیے تاکہ ان کی روحوں کو خوشی ملے۔ملزم کی شناخت ارشد کے نام سے ہوئی ہے جب کہ اس کے والد بدر نے بھی قتل میں مدد کی تھی جو تاحال فرار ہے۔ملزم نے قتل کے بعد اپنے والد کو ریلوے سٹیشن پر ڈراپ کیا اور تھانے جا کر گرفتاری دیدی۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ڈراما کر رہا ہے، ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس نے گھریلو جھگڑوں کی وجہ سے یہ قدم اٹھایا۔پولیس کا مزید کہنا ہے کہ قتل کی اس ہولناک واردات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ملزم کو کسی بہانے سے فائدہ اُٹھانے کا موقع نہیں دیں گے۔