روس نے یوکرائن پر حملہ کیا تو پوٹن پر بھی پابندیاں لگادیں گے، جوبائیڈن

واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے یوکرائن کی سرحد پر روسی افواج کی پیش قدمی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کو یوکرائن پر جارحیت پر بھاری خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے خبردار کیا ہے کہ یوکرائن پر جارحیت کی صورت میں نہ صرف روس پر معاشی، تجارتی اور سفری پابندیاں لگائیں بلکہ صدر ولادیمیر پوٹن بھی اپنی ذات پر امریکی پابندیوں کے لیے تیار ہیں۔امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے بیان میں یہ واضح نہیں کہ روس صدر کی ذات پر کس قسم کی پابندیاں عائد ہوسکتی ہیں۔ اس سے قبل امریکا ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامہ ای پر بھی پابندیاں عائد کرچکا ہے جس میں اکاؤنٹ منجمد اور سفری پابندی شامل تھی۔امریکا اور برطانیہ کی جانب سے یوکرائن پر روسی فوج کے حملے کے خدشے کا اظہار کیا جاتا ہے اور دونوں ممالک نے یوکرائن سے اپنے سفارت کاروں کے اہل خانہ کو واپس وطن بلانے کے علاوہ سفارت خانے کے عملے کو بھی کم کردیا ہے۔تاہم روس نے امریکا اور برطانیہ کے ان الزامات کو یورپی سرحد پر نیٹو افواج کی تعیناتی کا بہانہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے اور مغربی ممالک سے یوکرائن مسئلے میں داخلت نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ روس کے حملے کے پیش نظر امریکا کی جانب سے مہلک ہتھیاروں کی پہلی کھیپ یوکرائن پہنچ گئی ہے اور نیٹو افواج بھی یوکرائن روسی سرحد کی جانب پیش قدمی کر رہی ہیں۔