اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کی پہلی بین الاقوامی سرکل اسٹائل ’’روایتی کبڈی‘‘ لیگ کا آغاز ۔ تفصیلات کے مطابق اسٹرابیری سپورٹس مینجمنٹ نے اپنے ایک جاری اعلامیے میں کہا ہے کہ ادارے کو اپنے پارٹنرز فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FCCI) اور ڈویژنل کبڈی ایسوسی ایشن، فیصل آباد (DKAF) کے ساتھ مل کر "روایتی کبڈی لیگ” کے نام سے پاکستان کی پہلی بین الاقوامی سرکل طرز کی کبڈی لیگ کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ لیگ کا افتتاحی سیزن 2022 کے دوران فیصل آباد میں ہوگا۔ اس حوالے سے اسٹرابیری سپورٹس مینجمنٹ کے بانی حیدر علی داؤد خان نے کہا کہ "پاکستان کی پہلی بین الاقوامی سرکل اسٹائل کبڈی لیگ شروع کرنے کا یہ ایک اہم موقع ہے جو دنیا بھر میں پاکستانیوں اور کبڈی سے محبت کرنے والوں کے دلوں پر راج کرتی ہے۔
روایتی کبڈی لیگ کا پیمانہ غیر معمولی ہوگا کیونکہ اسے پوری دنیا میں ڈیجیٹل اور ٹی وی دونوں پر براہ راست دیکھا جائے گا۔ لیگ میں قومی اور بین الاقوامی برانڈز شرکت کریں گے۔ ایف سی سی آئی کے صدر عاطف منیر نے اپنے جذبات کا اظہار کیا کہ "ہم تاریخی روایتی کبڈی لیگ کے شراکت دار بننے پر فخر اور پرجوش ہیں۔ فیصل آباد کبڈی کا مرکز ہے، اور ہم اسٹرابیری سپورٹس مینجمنٹ اور ڈی کے اے ایف کو اس انٹرنیشنل لیگ کے ذریعے فیصل آباد کو یہ مناسب خراج تحسین پیش کرنے پر مبارکباد دینا چاہیں گے۔ میں لیگ کے لیے ایف سی سی آئی کی مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہوں۔‘‘ پاکستان اور بیرون ملک سے کھلاڑی تیزی سے اس انٹرنیشنل لیگ میں شامل ہو رہے ہیں۔ یہ لیگ سرکل اسٹائل کبڈی کی ترقی کے لیے ایک بہترین اقدام ہے۔ DKAF روایتی کبڈی لیگ کی مکمل حمایت اور تائید کرتا ہے” سید طیب گیلانی، سیکرٹری جنرل DKAF نے ریمارکس دیے۔