امریکا میں تمغۂ بہادری پانے والے پاکستانی نژاد مزاحمت پر راہزنوں کے ہاتھوں قتل

واشنگٹن: امریکا میں کار چھیننے کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر پاکستانی نژاد عبدالرؤف کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں میری لینڈ کے علاقے آکس ہل میں راہزنوں نے پاکستانی نژاد شخص سے کار چھیننے کی کوشش کی، اس دوران مزاحمت کرنے پر راہزنوں نے عبدالرؤف کو 3 گولیاں مار کر قتل کردیا۔راہزنی کے دوران مزاحمت پر قتل ہونے والے پاکستانی نژاد عبدالرؤف نے 2 سال قبل مقامی غنڈوں کے چنگل سے ایک خاتون پولیس افسر کو اُس وقت بچایا تھا جب غنڈے خاتون افسر کو لوہے کی سلاخوں سے مار رہے تھے۔اس بہادری پر الیگزینڈریہ پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے پاکستانی نژاد عبدلارؤف کو تمغہ بہادری بھی دیا گیا تھا۔ عبدالرؤف 18 سال سے واشنگٹن ڈی سی میں ’’چٹنی‘‘ کے نام ریسٹورینٹ چلاتے تھے جو پاکستانیوں اور بھارتیوں کا پسندیدہ ریستوران ہے۔علاوہ ازیں عبد الرؤف سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں میں بھی مصروف عمل رہتے تھے جس کے باعث وہ پاکستان، بنگلادیش، بھارت سمیت اردو سمجھنے والے دیگر شہریوں میں کافی مقبول تھے۔واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی 66 سالہ پاکستانی نژاد امریکی محمد انور کو واشنگٹن میں کار چھیننے کی واردات کے دوران قتل کردیا گیا تھا۔

Comments (0)
Add Comment