روس اور یوکرین کے درمیان امن مذاکرات میں بڑی پیشرفت

بیلاروس: روس اور یوکرین کے سفارت کاروں کے درمیان بیلا روس کی سرحد پر ہونے والے امن مذاکرات کا دوسرا دور اختتام پذیر ہوگیا جس میں ایک اہم نکتے پر فریقین نے اتفاق کرلیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روس اور یوکرین کے سفارت کاروں کے درمیان امن مذاکرات کے دو دور مکمل ہوگئے۔ بیلا روس کی سرحد پر ہونے والی بات چیت کے دوران فریقین جنگ زدہ علاقوں سے شہریوں کے بحفاظت انخلا کے لیے محفوظ راہداری بنانے پر راضی ہوگئے۔اس حوالے سے یوکرینی صدر کے مشیر میخائیلوپوڈولایاک کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں ہماری جانب سے دو نکات عمومی جنگ بندی اور عارضی صلح پیش کیے گئے جس پر اتفاق نہیں ہوسکا تاہم بات چیت میں کچھ پیش رفت ضرور ہوئی ہے۔یوکرین کے صدر کے مشیر نے مذاکرات میں پیش رفت سے متعلق بتایا کہ فریقین شہریوں کے محفوظ انخلا کے لیے بعض مقامات پر ممکنہ عارضی جنگ بندی پر رضامند ہوگئے ہیں تاکہ شہریوں کے انخلاء کی اجازت مل سکے۔مشیر میخائیلوپوڈولایاک نے مزید بتایا کہ ممکنہ عارضی جنگ بندی بعض مقامات پر انسانی راہداری بنانے کے لیے ہوگی تاکہ شہری اس راہداری سے بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل ہوسکیں۔روس کی جانب سے مذاکرات کے سربراہ سابق وزیر ثقافت ولادمیر میڈنسکی نے بھی فریقین کے شہریوں کے انخلا کے لیے ایک محفوظ راہداری بنانے پر اتفاق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پہلی ترجیح فوجی تصادم کے علاقے میں پھنسے شہریوں کا انخلا ہے۔روس اور یوکرین کے مذاکرات کاروں نے اس معاہدے کے جلد از جلد نافذ العمل ہونے کا بتایا تاہم اس حوالے سے کوئی حتمی وقت نہیں دیا۔ فریقین کے درمیان امن مذاکرات کا تیسرا دور آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

Comments (0)
Add Comment