لاہور(سی پی پی)کرتار پور کوریڈور کی تعمیر کا 90 فیصد کام مکمل کرلیا گیا اور شیڈول کے مطابق 9 نومبر کو بھارت سے پہلا جتھہ ویزا فری کوریڈور کے راستے پاکستان پہنچے گا۔پاکستان نے اپنی حدود میں کوریڈورکا 90 فیصد کام مکمل کرلیا ہے اور اگست کے وسط میں رنگ وروغن کا کام شروع ہوجائے گا، گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور کے گرنتھی سردار گوبند سنگھ نے کہا ہے کہ دنیا بھرمیں بسنے والے سکھ اس سال 2 خوشیاں منانے جارہے ہیں، ایک تو گورو نانک دیو جی کا 550 واں پرکاش پرباور دوسرا کرتارپور راہداری کی تعمیر۔
سردار گوبند سنگھ نے تصدیق کی کہ 9 نومبر کو بھارت سے پہلا جتھہ اس ویزا فری راہداری کے راستے پاکستان آئے گا تاہم انہوں نے جتھے کے شرکا کی تعداد نہیں بتائی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ راہداری کا افتتاح اور بھارتی جتھے کا خیر مقدم کریںگے۔ آج بھی چند عناصر جو اس منصوبے کے خلاف ہیں وہ پراپیگنڈا کرتے ہیں کہ یہاں پرانی تاریخی عمارت کو نقصان پہنچایا گیا اور کئی تاریخی مقامات ختم کردیئے گئے ہیں ۔یہ پراپیگنڈہ بے بنیاد ہے۔