پاک امارات میڈیا کرکٹ ٹیم کی لندن میڈیا کرکٹ ٹیم کو شکست، میچ بارش متاثرین کے نام

شارجہ ( بیورو رپورٹ ) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں پاک امارات میڈیا کرکٹ ٹیم نے لندن میڈیا کرکٹ ٹیم کو شکست دیدی اور دوستانہ میچ کو گزشتہ ہفتہ متحدہ عرب امارات میں ہونے والی غیر معمولی بارش کے متاثرین کے نام کردیا گیا۔ ساتھ ساتھ، دونوں ٹیموں نے مشکل کی اس گھڑی میں متحدہ عرب امارات سے مکمل اظہار یک جہتی کیا گیا۔

دوستانہ میچ کے مہمان خصوصی دبئی میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل حسین محمد، سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، عالمی شہرت یافتہ سیاسی مبصر سہیل وڑائچ اور صدر پاکستان سوشل سینٹر شارجہ خالد حسین چوہدری تھے جنھوں نے دونوں ٹیموں کے اسپورٹس مین شپ کو سراہا اور وننگ ٹیم اور رنرز اپ ٹیم کو خصوصی داد دی ۔

سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وہ میڈیا کے درمیان کرکٹ میچ دیکھ کر لطف اندوز ہوئے کیونکہ میڈیا دن و رات خبر کے پیچھے بھاگتا ہوا نظر آتا ہے مگر آج میڈیا گیند کے پیچھے بھاگتا ہوئے دیکھائی دیا جو یقینا خوش آئند ہے۔ انھوں نے میڈیا کے نمائندوں کو دعوت دی کہ پاکستان میں اُن کے دروازے کھلے ہیں، وہ اپنے مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ رابطہ رکھ سکتے ہیں۔

پاکستانی قونصل جنرل حسین محمد نے کہا کہ وہ دوستانہ ٹی ٹوئنٹی میچ کو بارش کے متاثرین کے نام کرنے پر میڈیا کے شکر گزار ہیں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہ پاکستانی سفارتی عملہ بارش سے متاثر ہونے والی پاکستانی برادری کے ساتھ ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے اسی لئے پاکستان قونصل خانے دبئی نے بارش متاثرین کی مدد کیلئے ہاٹ لائن بھی قائم کی ہے اور واٹس آپ نمبر بھی عوام کو رابطے کیلئے فراہم کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، عالمی شہرت یافتہ سیاسی مبصر سہیل وڑائچ نے کہا کہ پاکستانی میڈیا کا جذبہ دیدنی ہے کیونکہ انھوں نے بڑے کم وقت میں شاندار مقابلہ سجایا اور متحدہ عرب امارات میں بسے افراد سے بلا رنگ و نسل تعاون کرنے کا عزم کیا جو انتہائی قابل فخر و تقلید ہے۔

صدر پاکستان سوشل سینٹر شارجہ خالد حسین چوہدری نے میڈیا کو سراہا جنھوں نے میچ کو بارش سے متاثرین کے نام کیا اور مزید کہا کہ اماراتی حکومت کی غیر معمولی بارش کے بعد بحالی کی کوششوں کی بھی قابل ستائش ہیں۔

شارجہ کے اسکائی لینڈ گراونڈ میں لندن میں سرگرم پاکستانی میڈیا کے نمائندوں نے کرکٹرز کا روپ دھار لیا اور متحدہ عرب امارات میں فرائض انجام دینے والے پاکستانی میڈیا نے بھی کھلاڑیوں کی جرسی زیب تن کی اور کانٹے کا مقابلہ کیا۔

دوستانہ میچ کا آغاز ٹاس سے ہوا جہاں پاک امارات میڈیا کرکٹ ٹیم کے کپتان راجہ عرفان احمد اور لندن میڈیا کرکٹ ٹیم کے کپتان غلام حسین اعوان مدمقابل تھے۔ میچ کا ٹاس پاک امارات میڈیا کرکٹ ٹیم نے جیتا اور میچ بھی اپنے نام کیا ۔

پاک امارات میڈیا کرکٹ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 244 رنز بنائے اور اس کی سات وکٹیں گری۔ پاک امارات ٹیم کی طرف سے سب سے زیادہ اسکور ( 108 ) عرفان آفریدی نے بنایا۔

لندن میڈیا کرکٹ ٹیم نے جواب میں بہت تگ و دو کی اور پوری ٹیم مقررہ اوورز میں عرف 172 رنز بناسکی ۔ اور 74 رنز سے میچ جیت لیا۔ پاک امارات میڈیا کرکٹ ٹیم کے بلے باز عرفان آفریدی سنچری اسکور کرنے پر مین آف دی میچ رہے ۔

پاک امارات میڈیا کرکٹ ٹیم کے منیجر سید مدثر خوشنود نے کہا کہ ویسے تو میچ کا مقصد جذبہ دوستی اور باہمی اشتراک تھا مگر بارش نے متحدہ عرب امارات خصوصا شارجہ میں بارش متاثرین سے مکمل اظہار یکجہتی کیلئے یہ دوستانہ میچ کھیلا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی برادری بالخصوص پاکستانی میڈیا مشکل کی اس گھڑی میں متحدہ عرب امارات خصوصا شارجہ میں بسی تمام اقوام کے ساتھ ہے اور ان کی مدد کیلئے دن و رات ایک کرنے کو تیار ہے۔

ٹی ٹوئنٹی میچ کے چیف کوارڈینیٹر عبد الرحمان رضا نے عزم کیا کہ کرکٹ میچ سے انھوں نے متحدہ عرب امارات کو یک جہتی کا پیغام دیا ہے ۔ انھوں نے عزم کیا کہ وہ پاکستان قونصل خانہ دبئی کے ویلفئیر سیکشین اور پاکستان سوشل سینٹر شارجہ کے اشتراک سے بارش متاثرین کی مدد کو آگے بڑھائیں گے تاکہ بارش متاثرین کی مکمل بحالی ممکن ہوسکے۔

مہمان ٹیم لندن میڈیا کرکٹ ٹیم کے منیجر طاہرچوہدری نے پاک امارات کرکٹ ٹیم کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میچ تو میل ملاپ کا ذریعہ تھا مگر میچ کے فلاحی مقصد نے مقابلے کو چار چاند لگا دئیے۔

دبئی میں سرگرم اور پاک امارات دوستی کے مشن میں سرگرداں پاکستانی میڈیا برادری نے توقع کا اظہار کیا کہ پاکستان سفارتخانہ اور قونصلیٹ اوورسیز پاکستانیوں کے اپنے ویلفیر فنڈ سے شارجہ میں پاکستانیوں کی فوری امداد کریں گے۔

یاد رہے کہ ہر پاکستانی اپنے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنوانے کیلئے 20 سے 40 درہم فی کس قونصل خانے اور سفارتخانے کو ویلفیر فنڈ کے نام پر جمع کراتا ہے۔ پاکستانی برادری کو امید ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کی ویلفئیر کی رقم ان کی اپنی بحالی پر خرچ ہوگی ۔

پاک امارات میڈیا کرکٹ ٹیم اور لندن میڈیا کرکٹ ٹیم کے دلچسپ مقابلے کو متحدہ عرب امارات میں کاروبار سے پاکستان کا پرچم بلند کرنے والے بلند کرنے والی شخصیات نے شرکت کی اور مہمانوں کی خوب تواضع کی۔