اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے عمران خان کو 10 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے فاروق ایچ نائیک کے ذریعے عمران خان کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ عمران خان 14 روز میں اپنے بیان پر غیر مشروط معافی مانگیں ورنہ ان کے خلاف سول اور فوجداری کارروائی کی جائے گی۔
نوٹس کے مطابق عمران خان کے جھوٹے، من گھڑت بیان سے آصف زرداری کی پاکستان اور بیرون ملک ساکھ و شہرت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ویڈیو لنک خطاب میں آصف علی زرداری پر قتل کی سازش کرنے کا الزام لگایا تھا۔
قبل ازیں پاکستان پیپلزپارٹی نے بیان پر عمران خان کو رات تک معافی کی مہلت دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پی ٹی آئی چیئرمین اپنے بیان سے دستبردار نہ ہوئے تو انہیں قانونی نوٹس بھیجا جائے گا۔
ادھر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی کہا ہے عمران خان کے زرداری سے متعلق بیان کے بعد اگر والد ، پارٹی یا مجھ پر حملہ ہوا تو اُس کا حساب لیا جائے گا۔