27 فروری؛ دراندازی کی شوقین بھارتی فوج کو ایک اور پڑوسی ملک سے ہزیمت کا سامنا

نئی دہلی: 27 فروری کی تاریخ مودی سرکار اور بھارتی فوج کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہورہی ہے 27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے دھول چٹائی تھی تو آج 27 فروری 2023 کو ایک اور پڑوسی ملک نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورسز نے مغربی بنگال میں سرحدی خلاف ورزی کرتے ہوئے بنگلادیش کے حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
بنگلادیشی فوج کے اہلکار اس دراندازی پر الرٹ ہوگئے اور جوابی کارروائی کی جس پر بھارتی سیکیورٹی فورسز نے اپنی روایات کے عین مطابق فرار ہوکر اپنی جان بچانے میں ہی عافیت جانی۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب بنگلادیشی کسان اپنے کھیتوں میں کام کر رہے تھے لیکن بھارتی بارڈر فورس نے اسے بھارتی سرزمین قرار دیا۔
جس پر بنگلادیشی کسان جو عرصہ دراز سے اس زمین پر کاشت کرتے آرہے ہیں نے شدید احتجاج کیا۔ بھارتی فوج اور کسانوں میں جھڑپ بھی ہوئی تھی۔
اسی موقع پر بنگلادیش کی سرحدی فورس کے اہلکار بھی پہنچ گئے اور بھارتی بارڈر سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں کو پیچھے دھکیل دیا۔
خیال رہے کہ 27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے دراندازی کرنے والے بھارتی طیاروں کو مارگرایا تھا اور ایک پائلٹ کو حراست میں لے لیا تھا۔
آج اس واقعے کے 4 سال مکمل ہونے پر بھارتی فوج کو بنگلادیش نے پسپائی پر مجبور کردیا۔ بھارتی بارڈر فوج کے دو اہلکار شدید زخمی ہیں۔