لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب اور کے پی الیکشن اکتوبر سے قبل کرانا مشکل ہیں، الیکشن ہونے چاہئیں لیکن موجودہ صورتحال میں ان کا انعقاد ممکن نہیں ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے زیر صدارت ان کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پر مسلم لیگ (ن) کا اہم اجلاس معنقد ہوا جس میں سپریم کورٹ میں جاری مقدمات اور سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں معاون خصوصی وزیراعظم ملک احمد خان، ایاز صادق، ملک احمد خان، عطاء اللہ تارڑ اور احد چیمہ سمیت دیگر شریک ہوئے۔
شرکا نے سپریم کورٹ میں کل ہونے والی انتخابات کیس کی سماعت کے بارے میں آئینی اور قانونی پہلوؤں پر غور کیا۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ کی کل کی سماعت پر شرکا کو بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں فل بینچ کی استدعا مسترد ہونے پر ریویو میں جانے سے متعلق قانونی پہلوؤں پر مشاورت ہوئی۔
اجلاس میں شرکا نے ججز کے اختلافی نوٹ سے متعلق کہا کہ ہم سپریم کورٹ کا احترام کرتے ہیں لیکن اختلافی نوٹ سے ابہام پیدا ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب اور کے پی الیکشن اکتوبر سے قبل کرانا مشکل ہیں، الیکشن ہونے چاہئیں لیکن موجودہ صورتحال میں ممکن نہیں ہیں، ہم ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کے لیے دن رات کوششیں کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہم مہنگائی کی لہر پر جلد قابو پالیں گے، ہم تعمیری سیاست پر یقین رکھتے ہی یہ وقت تخریبی سیاست کا نہیں ہے۔