اسلام آباد: حکومت نے تین ارب ڈالر کی مزید فنانسنگ کا پلان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو فراہم کردیاہے۔منصوبے کے تحت عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے علاوہ جینیوا میں ہونیوالی ڈونرز کانفرنس میں ممالک اور اداروں کی جانب سے کیے گئے وعدوں کے تحت پاکستان کو مالی امداد ملے گی۔تاہم پاکستان کو آئی ایم ایف سے اسٹاف سطح کے معاہدے کا انتظار ہے جس کے بعد ڈونر اداروں اور ممالک سے فنانسگ آسان ہو جائے گی۔اس حوالے سے وزارت خزانہ ذرائع کا کہناہے کہ حکومت نے مزیدتین ارب ڈالر فنانسنگ کا پلان آئی ایم ایف سے شیئرکیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ عالمی بینک،ایشیائی انفراسٹرکچر بینک سمیت کمرشل بینکوں سے فنڈز ملنے کا امکان ہےوزارت خزانہ حکام کےمطابق رائزٹو پروگرام کے تحت 45 کروڑ ڈالرکی فنڈنگ ملنے کا امکان ہے،جنیوا ڈونرزکانفرنس سے متوقع فنڈزکا پلان بھی آئی ایم ایف کو فراہم کردیا گیاہےوزارت خزانہ نے آئی ایم ایف سے پہلے اسٹاف لیول معاہدہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ وزارت خزانہ زرائع کا کہنا ہے کہ اسٹاف سطح کے معاہدے کے بعد فنانسنگ کا انتظام آسان ہو جائے گا۔