عامر کیانی کا بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عامر کیانی نے بھی پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔
عامر کیانی نے پاکستان تحریک انصاف چھوڑنے کے حوالے سے اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ 23 سال کا میرا سفر ہے، پارٹی کے ساتھ بہت کام کیا، میرے اوپر سات آٹھ پرچے بھی ہوئے، 9 مئی کے واقعات نے بڑی تکلیف دی، میرا خیال ہے سیاسی لوگوں کی طرح سیاست کرنی چاہیے۔
دریں اثنا پی ٹی آئی رہنما اور کراچی سے رکن قومی اسمبلی محمود مولوی بھی گزشتہ روز تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے ایم این اے کی نشست سے مستعفی ہونے کا اعلان کر چکے ہیں۔
گزشتہ روز انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی چھوڑنے کی وجہ فوج کے خلاف بات کرنا ہے کیوں کہ میں اپنے ملک کی فوج کے خلاف نہیں جاسکتا، جو کچھ بھی ہوا وہ غلط ہوا۔ فوج کے بغیر یہ ملک نہیں چل سکتا، سیاسی جماعتیں بدلی جاسکتی ہیں فوج نہیں بدل سکتے۔فوج کے نام پر سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا باپ وہ کام نہ کر سکا جو ان لوگوں نے کیا۔