کوئی سیاسی جماعت سندھ کے بلدیاتی الیکشن سے مطمئن نہیں ہے، وسیم اختر
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما وسیم اختر کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن نے بھی دیکھا ہوگا کہ پہلے مرحلے میں سندھ کے بلدیاتی انتخابات کا کیا ہوا، کوئی بھی سیاسی جماعت اس الیکشن سے مطمئن نہیں، پیپلزپارٹی معاہدے سے منحرف ہوتی ہے تو ہم بھی بہادر آباد کو تالا لگا کر سڑکوں پر ہوں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ہمارا فرض بنتا ہےکہ وفاقی حکومت سمیت تمام اداروں کو اپنے خدشات سے آگاہ کریں، ہم الیکشن کمشنر صاحب سے ملنے کی کوشش کر رہے ہیں، ہم نے وفاقی اور صوبائی حکومت کو بھی آگاہ کیا ہے۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہےکہ جو ہارتا ہے وہ دھاندلی کا الزام لگاتا ہے، کل الیکشن میں بہت سی جگہ عملےکو اغوا کیا گیا، جہاں سے ہمارے امیدوار جیت رہے ہیں وہاں کا نتیجہ روکا ہوا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ جو معاہدہ ہوا اس پر شق وار عمل ہو۔
سابق میئر کراچی کا کہنا تھا کہ معاہدے میں یہ باتیں طے ہوئی تھیں کہ ہمارا مینڈیٹ وہ قبول کریں ہم ان کا قبول کریں، پیپلزپارٹی سے یہ شکایت ہےکہ ان 14 اضلاع میں ہمارا مینڈیٹ قبول نہیں کیا گیا، ہماری اندرون سندھ سکھر اور میرپور خاص میں سیٹیں ہیں، ایم کیو ایم کی سیٹیں ایم کیو ایم کو ملنی چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرکراچی میں اسی قسم کا الیکشن ہوا تو ذمہ دار الیکشن کمیشن ہوگا، ہم انتخابی فہرستوں اور حلقہ بندیوں کے معاملے کو حل کرنا چاہتے ہیں، کراچی اور حیدرآباد کے ووٹرز پریشان ہیں کہ اپنی مرضی کی حلقہ بندیاں کی جارہی ہیں۔