ورلڈکپ2023؛ پاکستان نے میچوں کیلئے 3 ترجیحی مقامات بتادیئے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت میں ہونیوالے ورلڈکپ 2023 کیلئے اپنے پسندیدہ مقامات کے بارے میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کردیا۔
کرکٹ پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے آئی سی سی پر واضح کیا ہے کہ پاکستان احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں صرف اس صورت کھیلنے پر غور کرے گا کہ وہ ناک آؤٹ مرحلے یا فائنل کے میچز ہوں۔
پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان میں آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے اور سی ای او جیف ایلرڈائس کے ساتھ حالیہ ملاقات کے دوران احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں اپنے میچز کھیلنے سے ہچکچاہٹ کا اظہار کیا تھا۔
نجم سیٹھی نے آئی سی سی سے درخواست کی تھی کہ اگر قومی ٹیم کو اکتوبر اور نومبر میں عالمی ایونٹ کیلئے ہندوستان جانے کی حکومت سے کلیئرنس مل جاتی ہے، وہ اپنے میچز چنئی، بنگلورو اور کولکتہ میں کھیلے گا۔
بھارتی میڈیا کو دیئے گئےانٹرویو میں بھی سربراہ پی سی بی نے سیکیورٹی مسائل کو وجہ بناتے ہوئے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
دوسری جانب رپورٹس میں بات سامنے آئی تھی کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاک بھارت میچ شیڈول کرنا چاہتی ہے، جہاں 1 لاکھ سے زائد افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔