ورلڈکپ شیڈول؛ کیا پاکستان کی وجہ سے جاری نہ ہوسکا؟

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے حتمی شیڈول کا اعلان 27 جون کیے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت میں شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2023 کے 100 روز کے کاؤنٹ ڈاؤن کے موقع پر شیڈول سامنے لائے جانے کا امکان ہے، 5 اکتوبر سے بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کے آغاز سے 100 دن کا کاؤنٹ ڈاؤن 27 جون سے شروع ہوگا۔

شیڈول میں تاخیر کی وجہ پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات بتائے جارہے ہیں۔

اس سے قبل میزبان بھارتی بورڈ نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے فائنل موقع پر شیڈول جاری کرنا تھا تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیاکپ کو لیکر بحث جاری تھی جس پر پاکستان نے موقف اپنایا تھا کہ اگر ایشیاکپ ہائبرڈ ماڈل پر نہیں ہوتا تو بھارت میں ورلڈکپ کیلئے ہندوستان نہیں جائیں گے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ طور پر بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 میں دو مقامات کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ وارم اَپ میچ میں افغانستان کے خلاف میچ پر اعتراض اٹھایا ہے۔

گرین شرٹس کو وارم اَپ میچ میں کسی غیر ملکی ٹیم کے خلاف کھلایا جائے کیونکہ میگا ایونٹ سے قبل پاکستان ایشیاکپ میں افغانستان، سری لنکا، بھارت اور بنگلہ دیش کے مدمقابل آئے گا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ رواں برس اکتوبر اور نومبر میں بھارت میں کھیلا جانا ہے۔