لاہور، اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) پرو فٹ بال لیگ کے منتظمین نے اس امر کا اظہار کیا ہے کہ لیگ کا افتتاحی سیزن سال کے اختتام سے قبل منعقد ہوگا ،کوویڈ 19 وبائی مرض کو مد نظر رکھتے ہوہے ، توقع کی جارہی ہے کہ پرو فٹ بال لیگ کے افتتاحی سیزن کا آغاز 2021 کے اواخر میں کیا جا سکے گا۔اسٹرا بیری اسپورٹس مینجمنٹ کے بانی ، حیدر علی داؤدنے کہا کہ وہ بہت پر امید ہیں کہ پرو فٹبال لیگ پاکستان کے تمام حصوں سے تعلق رکھنے والے فٹ بال کلبوں کا ایک اہم ایونٹ ہوگا، پرو فٹ بال لیگ ایک تاریخ ساز ایونٹ ہوگا۔ پاکستان کے لئے کئی طرح سے انوکھی فٹ بال لیگ ہوگی جو کہ کلب اور کھیل کی ترقی کے لئے بہت مند ثابت ہوگی جس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کئی سالہ لیگ کے لئے ملک کے تمام حصوں سے بیس سے زیادہ معروف اور مشہور فٹ بال کلب اکٹھے کیے ہیں۔لیگ کا فارمیٹ اوپن ہوگا اور حصہ لینے والے کلب راؤنڈ روبن کی بنیاد پر مقابلہ کریں گے۔
کم از کم تین سیزن کے انعقاد کے بعد ، لیگ دو حصوں میں توسیع کرے گی اور اس کے ساتھ ساتھ باہمی اتفاق اور فروغ کی بنیاد پر کلبوں کی لیگ میں ترقی اور تنزلی کے قوانین بنانے جائیں گے- اس دوران ہم کھیل کے میدان کے اندر اور باہر کلبوں کی صلاحیت پیدا کریں گے تاکہ وہ خود انحصاری اور پائیدار انداز میں خود کو چلانے کے قابل بن سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کوویڈ 19 وبائی مرض کے پھیلنے کی وجہ سے ، لیگ انتظامیہ کا خیال ہے کہ وہ اس وقت کو کوچنگ ، ٹریننگ اور رہنمائی کے ذریعے کلبوں کی فنی صلاحیتوں کو استوار کرنے کے لئے استعمال کریں گے جبکہ دوسری طرف کلبوں کی حیثیت اور مجموعی تاثر کو تعمیرکرنے کی طرف ذور دیں گے۔لیگ انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ کویوڈ نے بشمول کھیلوں کے ہماری زندگی کے ہر پہلو کو متاثر کیا ہے ، بغیر کسی تاخیر کے ، ہم حصہ لینے والے کلبوں کی ترقیاتی مہم کو شروع کرنے کے منتظر ہیں۔ لیگ انتظامیہ نے یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ لیگ میں شامل کلبوں کا تعلق بلوچستان ، سندھ ، خیبر پختونخوا ، پنجاب ، اسلام آباد ، گلگت بلتستان ، آزاد جموں و کشمیر سے ہے۔