ایشیاکپ مقابلوں میں پاکستان کا سری لنکا کیخلاف ریکارڈ بہت خراب

ایشیاکپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا کا میچ سیمی فائنل کی حیثیت لے چکا ہے تاہم ایشیائی ایونٹ میں گرین شرٹس کا آئی لینڈرز کے خلاف ریکارڈ بہت خراب ہے۔
ریکارڈ کے اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو دونوں ٹیمیں 155 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں جہاں گرین شرٹس 92 میچز میں کامیابی حاصل کرکے آئی لینڈرز سے بہت آگے ہے۔
اس دوران سری لنکن ٹیم 58 مقابلوں میں جیت کا مزہ چکھ سکی ہے۔
ایشیاکپ کے مقابلوں پر نظر ڈالیں تو سال 1984 سے شروع ہوئے ٹورنامنٹ میں حیران کُن طور پر سری لنکا پلڑا بھاری ہے، آئی لینڈرز نے ٹورنامنٹ میں اب تک پاکستان کیخلاف 17 میچز کھیل رکھے ہیں جس میں 12 سری لنکا کے نام رہے جبکہ 5 مقابلوں میں پاکستان کامیاب رہا۔
یہ بھی ایک ریکارڈ ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان ایشیاکپ کے دوران کوئی بھی مقابلہ بارش کی نذر نہیں ہوا ہے۔
واضح رہے کہ ایشیاکپ کے اہم مقابلے میں قومی ٹیم کو کل دفاعی چیمپئین سری لنکا چیلنج درپیش ہوگا، میچ میں بارش کے 86 فیصد امکانات ہیں جبکہ پاکستان کو ایونٹ کے فائنل میں رسائی کیلئے آئی لینڈرز کے خلاف لازمی فتح درکار ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کو شکست دیکر بھارت پہلے ہی ایونٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کرچکا ہے۔