قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کا بھارت اور سری لنکا کے درمیان میچ پر ردعمل سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے اپنے یوٹیوب چینل پر بھارت اور سری لنکا کے خلاف میچ میں بھارتی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ ‘انڈین ٹیم نے گیم فکس کردیا ہے’ اور جان بوجھ کر میچ ہارنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ سری لنکا کے خلاف میچ میں ڈونیتھ ویلالجے نے 40 رنز کے عوض بھارت کے ٹاپ آرڈر کی 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بیٹنگ میں 43 رنز بھی بنائے! سری لنکا میچ جتنے کی بھرپور کوشش کررہا ہے، مجھے بھارت اور دیگر ممالک سے فون کالز آ رہے ہیں کہ بھارت پاکستان کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے کیلئے جان بوجھ کر ہار رہا ہے۔
سابق کرکٹر نے شائقین کرکٹ سے سوال کیا تھا کہ بھارت کیوں سری لنکا کے خلاف ہارنا چاہے گا، حالانکہ وہ ایونٹ میں اپنی فائنل کھیلنے کی نشست کو پکا کرلیں گے۔
راولپنڈی ایکسپریس نے بابر الیون کو بھارت کے خلاف میچ میں فائٹ بیک نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے حارث رؤف، نسیم شاہ اور شاہین آفریدی کی فٹنس پر بھی سوال اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا کا 20 سالہ ڈونیتھ ویلالجے لڑتا ہوا دیکھائی دیا لیکن پاکستانی کھلاڑی ایسا کرتے نظر نہیں آئے، تینوں بالرز مسلسل 25-30 ون ڈے کھیلے؟ پھر ہم توقع کرتے ہیں کہ 10، 10 اوورز کرائیں اور زخمی بھی نہ ہوں۔ میں پاکستان سے لڑائی واپس چاہتا ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ایشیاکپ کے سپر فور مرحلے کا اہم معرکہ آج کولمبو میں ہوگا، جس میں قومی ٹیم کو لازمی فتح درکار ہے، اگر میچ بارش کی نذر ہوا یا سری لنکا جیتا تو وہ فائنل کیلئے کوالیفائی کرجائے گا اور قومی ٹیم کا سفر اختتام پذیر ہوجائے گا۔