کراچی: فاسٹ بولر محمد عامر نے بابراعظم کے خلاف اپنے دل کی بھڑاس نکال دی۔
پاکستانی کپتان بابراعظم اور فاسٹ بولر محمد عامر میں تعلقات کچھ زیادہ اچھے نہیں ہیں، گذشتہ پی ایس ایل کے دوران بھی دونوں کا معاملہ زیربحث رہا، اب محمد عامر نے موقع دیکھ کر چوکا لگاتے ہوئے کپتان بابراعظم اور ان کی ون ڈے بیٹرز رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن کو نشانے پر رکھ لیا۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عامر نے کہا کہ آئی سی سی رینکنگ ہفتے بعد تبدیل ہوتی ہے، جب آپ کو ہی 40 میں سے 40 میچز کھیلنے ہیں تو پھر کسی میں 25 رنز بنائیں گے، کسی میں 50 تو کبھی 60 پر 70رنز اسکور ہوں گے،ایسے میں رینکنگ میں آپ ہی اوپر آئیں گے، جوز بٹلر، ڈی کک اور ملر جیسے کرکٹر کیوں رینکنگ میں آگے نہیں آتے، اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ بی اور سی ٹیموں کے خلاف میچز نہیں کھیلتے، وہ چھوٹی ٹیموں سے سیریز میں آرام کرتے ہیں، اس لیے ان کی رینکنگ آگے نہیں بڑھتی، آپ کو 45 میں سے 40 میچز خود ہی کھیلنے ہیں تو پھر رینکنگ میں بھی آگے ہی آنا ہے۔
یاد رہے کہ بابراعظم اس وقت تمام فارمیٹس کے ٹاپ 5 میں موجود رہنے والے دنیا کے واحد بیٹر ہیں، ون ڈے میں وہ نمبر ون ہیں، ٹی 20 رینکنگ میں تیسرے اور ٹیسٹ میں چوتھے درجے پر موجود ہیں۔