افتخار احمد نے اسد شفیق سے معافی مانگ لی

کراچی: چاچا کی عرفیت رکھنے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر افتخار احمد نے ایس پی ایل کے میچ کے دوران سابق ٹیسٹ کرکٹر اسد شفیق سے بد زبانی پر معافی مانگ لی۔نیشنل اسٹیڈیم میں سندھ پریمیئر لیگ کے میچ میں کراچی غازیز کی جانب سے کھیلتے ہوئے افتخار احمد نے لاڑکانہ کے کپتان اسد شفیق کو آؤٹ کرنے کے بعد تلخ لہجہ اختیار کیا تھا۔دونوں کھلاڑیوں میں شدید گرما گرمی ہوئی تھی لیکن فیلڈ میں موجود کھلاڑیوں نے بیچ بچاؤ کرادیا تھا۔سوشل میڈیا کے ذریعہ افتخار احمد نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسد شفیق کو قابل احترام قرار دیا اور ان سے معذرت کرلی۔انہوں نے کہا کہ میں آج میدان میں اپنے رویے کے لیے انتہائی معذرت خواہ ہوں، مجھے اس طرح کا رد عمل ظاہر نہیں کرنا چاہئے تھا۔افتخار احمد نے لکھا کہ اسد شفیق بھائی کا میں ذاتی طور پر اور ہمیشہ بہت احترام کرتا ہوں، ہم نے ایک ساتھ کافی کرکٹ کھیلی ہے۔