پی سی بی نے حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کر دیا

لاہور: پی سی بی نے حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کر دیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ ختم کردیا ہے۔ یہ فیصلہ دورہ آسٹریلیا 24-2023 کے لیے پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے سے ان کے انکار کی تحقیقات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔پی سی بی کی ایک کمیٹی کی طرف سے اس معاملے کی مکمل سماعت کے بعد اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے خیالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حارث کا سینٹرل کنٹریکٹ یکم دسمبر 2023 سے ختم کر دیا گیا ہے اور انہیں 30 جون 2024 تک کسی بھی غیر ملکی لیگ میں کھیلنے کی این او سی جاری نہیں کی جائے گی۔پی سی بی انتظامیہ نے 30 جنوری 2024 کو انصاف کے اصولوں کے مطابق حارث کو سماعت کا موقع فراہم کیا تھا تاہم ان کا جواب غیر تسلی بخش پایا گیا۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ کسی بھی طبی رپورٹ یا معقول وجہ کی عدم موجودگی میں پاکستان کے ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ بننے سے انکار سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی ہے۔