ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2026 بھارت اور سری لنکا میں ہوگا

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ اجلاس میں رواں برس ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی پلئینگ کنڈیشنز کی منظوری دے دی گئی اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی بھارت اور سری لنکا کو دینے کا فیصلہ کیا گیا۔دبئی میں آئی سی سی بورڈ اجلاس کے بعد جاری تفصیلات کے مطابق بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی پلیئنگ کنڈیشنز کی منظوری دے دی، سیمی فائنلز اور فائنل مکمل کرانے کے لیے ریزرو ڈے بھی ہوں گے۔میچ فیصلہ کن بنانے کے لیے دوسری اننگز میں کم از کم 5 اوور مکمل کرنا ضروری ہوگا، اسی طرح ناک آؤٹ میچز میں فیصلے کے لیے کم ازکم 10اوورز کا کھیل لازمی ہوگا۔آئی سی سی کے بورڈ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026کے میزبان بھارت اور سری لنکا ہوں گے۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے سرفہرست 8 ٹیمیں اور میزبان ملک براہ راست کوالیفائی کریں گے، دیگر دو ٹیموں کا فیصلہ میزبان ٹیموں کی رینکنگ پوزیشن کے مطابق ہوگا جبکہ 8 ٹیمیں ریجنل کوالیفائرز شرکت کا حق حاصل کریں گے۔آئی سی سی اجلاس میں انٹرنیشنل ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں اسٹاپ کلاک کے استعمال کی منظوری بھی دے دی گئی۔