چیمپئنز ٹرافی سے قبل 3 بڑے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن ہوگی، محسن نقوی

لاہور: چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل 3 بڑے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن ہوگی۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں نیسپاک حکام نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کو تینوں اسٹیڈیمز کے اپ گریڈیشن کے ابتدائی ڈیزائن کے بارے بریفنگ دی۔چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر، ڈائریکٹر انفراسٹرکچر پی سی بی، جنرل منیجر نیسپاک اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی، قذافی سٹیڈیم لاہور اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے ابتدائی ڈیزائن چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو پیش کیے گئے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پی سی بی حکام کے ساتھ ابتدائی ڈیزائن کا تفصیلی جائزہ لیا اور تینوں اسٹیڈیمز میں شائقین کرکٹ کے لئے سہولتوں کی بہتری کیلئے نیسپاک حکام کو ضروری ہدایات دیں۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اپ گریڈیشن کا حتمی پلان جلد تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی، قذافی اسٹیڈیم لاہور اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ سہولتوں کی بہتری کے ساتھ میچ ویو کو بہتر بنانے کا پلان بھی تیار کیا جائے۔ محسن نقوی نے ہاسپٹلٹز باکس میں اضافے اور نشتوں کو آرام دہ بنانے کی بھی ہدایت کی۔