بھارتی ٹیم کی کوچنگ کیلئے لیجنڈری سچن ٹنڈولکر، مہندرا سنگھ دھونی، وزیراعظم نریندر مودی سمیت کئی نامور افراد کی جانب سے جعلی درخواستیں جمع کروانے کا انکشاف ہوا ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارتی ٹیم کی کوچنگ کیلئے 3 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں، ان میں کئی معروف افراد بھی شامل ہیں، جن کے نام سے جعلی ای میلز کی گئی ہیں۔کوچنگ کیلئے موصول ہونے والی جعلی ای میلز میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، بھارتی سیاستدان امت شاہ، لیجنڈری سچن ٹنڈولکر اور مہندرا سنگھ دھونی کے علاوہ متعدد نام شامل ہیں۔قبل ازیں آئی پی ایل کے دوران بھارتی بورڈ نے ٹیم کیلئے ہیڈکوچ کی تلاش کیلئے اشتہار جاری کیا تھا جبکہ کئی نامور کرکٹرز رکی پونٹنگ، کمار سنگارا، جسٹن لینگر، اسٹیپن فلیمنگ اور اینڈی فلاور نے کوچنگ سے معذرت کرلی تھی۔نامور کرکٹرز کی جانب سے معذرت کرنے پر بی سی سی آئی سیکریٹری جےشاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی غیرملکی کرکٹر سے ٹیم کوچنگ کیلئے رابطہ نہیں کیا البتہ انہوں نے اشارہ دیا تھا کہ ٹیم انڈیا کی کوچنگ کیلئے کسی بھارتی کو ہی چُنا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ بھارتی ہیڈکوچ راہول ڈریوڈ کی مدت ٹی20 ورلڈکپ کے بعد اختتام پذیر ہوجائے گی جبکہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو آئی پی ایل جتوانے والے گوتم گمبھیر کا نام بھارتی ٹیم کی کوچنگ کیلئے سر فہرست ہے۔